بھٹکل 24/ دسمبر (ایس او نیوز) یہاں تینگنگونڈی سمندر میں ڈوب کر ایک لڑکا لاپتہ ہوگیا،جبکہ دو لڑکوں کو بچالیا گیا۔ یہ حادثہ سنیچر شام کو پیش آیا۔
موصولہ اطلاع کے مطابق تین لڑکے ناگیندرا تپیّا نائک، پونیت کملاکر موگیر اور رتن ائیرپا نائک تینگنگونڈی سمندر میں تیررہے تھے کہ اچانک سمندری موجوں کی لپیٹ میں آکر ڈوبنے لگے، اس موقع پر قریب میں موجود ماہی گیروں اور دیگر لوگوں نے سمندر میں کود کر دو لڑکوں کو بچالیا ، مگر اس دوران تیسرا لڑکا سمندرمیں ہی غرق ہوکر لاپتہ ہوگیا۔ دو لڑکوں ناگیندرا اور پونیت کو فوری طور پر سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے اُنہیں کنداپور اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔ رتن کی تلاش دیر شام تک جاری تھی، جس کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ رتن اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھی، اس کے گھر پر آج پوجا کا پروگرام رکھا گیا تھا، اس کے دونوں دوست بھی پوجا کے پروگرام میں شرکت کرنے کے بعد دوپہر کے کھانے سے فارغ ہوکر سمندر میں تیرنے کے لئے نکلے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ تینوں لڑکے تنگنگونڈی سرکاری اسکول میں آٹھویں درجے میں زیرتعلیم تھے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی بھٹکل مضافاتی پولس تھانہ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے، فائر بریگیڈ کی مدد سے بھی کافی دیر تک سمندر میں غرق ہونے والے لڑکے کو تلاش کرنے کی کوشش کی گئی۔ مضافاتی پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔